ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے مائنز اینڈ منرلز بل منظور نہ کرنے اور تحریک چلانے کی ہدایت کردی ۔
اپنی بہنوں سے ملاقات میں پیغام دیتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب تک میں باہر نہیں آجاتا مائنز اینڈ منرلز بل کو کسی صورت منظور نہ کیا جائے ۔
اس سلسلے میں عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اپنی دیگر بہنوں کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سابق وزیراعظم نے جیل سے پیغام بھجوایا ہے کہ علی امین گنڈا پور مجھے ملنے نہیں آتے، مائنز اینڈ منرل بل خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیش نہیں ہو گا۔
میڈیا سے گفتگومیں علیمہ خان خان نے کہا کہ جو لوگ گزشتہ دنوں اڈیالہ جیل کے اندرگئے انہوں نے جھوٹ بالا ، عمران خان نے واضح کیا کہ میرے باہر آنے تک مائنز اینڈ منرلز بل کسی صورت منظور نہ ہوگا ۔
عمران خان نے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت ساری پارٹی کو ایپکس کمیٹی ، سکیورٹی کمیٹی ، آل پارٹیز کانفرنس سمیت کسی بھی میٹنگ میں جانے سے روکتے ہوئے کہا کہ کہا کہ تمام پالیسی میں دوں گا اس کے بعد ہی کوئی میٹنگ میں جاسکے گا ۔
سابق وزیراعظم نے جنید اکبر کو تحریک چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اپنی ساری توجہ تحریک پر مرکوز کریں کیوں کہ اس وقت لوگ بھر پور تحریک چاہتے ہیں ۔
