پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے

بھارتی حملے کی مذمت، پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، وزیراعلی خیبرپختونخوا

ویب ڈیسک: بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے خیبرپختونخوا حکومت نے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت بھارت کی جانب سے پاکستان پر کی گئی بلااشتعال اور غیر قانونی فوجی جارحیت کی شدید مذمت کرتی ہے۔ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
صوبائی حکومت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم حکومت پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہیں، اور اس نازک گھڑی میں قومی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کا پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہم ملک کے اُن علاقوں اور عوام کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جو اس جارحیت سے متاثر ہوئے۔ حکومت خیبر پختونخوا، بین الصوبائی یکجہتی کے جذبے کے تحت، ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، جس میں طبی سہولیات، امدادی سامان اور ہنگامی عملہ شامل ہے۔ اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت اور دیگر صوبوں سے قریبی رابطے میں ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ وقت قومی اتحاد اور یکجہتی کا ہے، اور خیبر پختونخوا کے عوام اپنی مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر سطح پر پرعزم اور ہمہ وقت تیار ہیں۔

مزید پڑھیں:  طورمنگ میں کار کھائی میں جاگری، ایک شخص جاں بحق، 3 زخمی