ویب ڈیسک: پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان میں مساجد اور سول آبادی پر بزدلانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں 26 معصوم شہری شہید ہوئے جن میں 2 بچے بھی شامل تھے، اس حملہ میں 46 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے پریس کانفرنس میں تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی سب بزدلانہ تاریخ دہرائی، اس دوران مختلف مقامات پر حملوں میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ احمدپور شرقیہ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا گیا، جہاں 13 شہادتیں ہوئیں، شہدا میں 3 سال کی 2 بچیاں، 7 خواتین، 4 مرد شامل ہیں، ان حملوں میں 31 شہری زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ 4 فیملی کواٹرز کو بحی نقصان پہنچایا گیا ہے، مظفر آباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا، یہاں بھارت کی جانب سے 7 حملے کیے گئے، اس میں 3 پاکستانی شہید ہوئے، ایک بچی زخمی ہوئی جبکہ ایک مسجد شہید ہوئی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا ہے کہ کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا ، یہاں 5 سٹرائیکس ہوئیں جس میں 2 افراد شہید ہوئے ، جبکہ ایک ماں اور بیٹی زخمی ہوئی ہے، مریدکے میں مسجد ام القریٰ کو نشانہ بنایا گیا، یہاں 4 سٹرائیکس کی گئیں جس میں 3 مرد شہید اور ایک زخمی ہوا ہے، یہاں پر 2 شہری لاپتا ہیں، مسجد کو شہید کیا گیا ہے اور اردگرد کواٹرز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیالکوٹ میں کوٹلی لوہاراں گاوں میں 2 سٹرائیکس کی گئیں، ایک گولہ مس فائر ہو گیا اور ایک اوپن فیلڈ میں گرا ہے، یہاں پر کوئی نقصان نہیں ہوا، جبکہ شکر گڑھ میں 2 سٹرائیکس کی گئیں، جہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر رات سے جاری بلااشتعال بھارتی گولہ باری کے نتیجے میں 5 معصوم شہری شہید ہو چکے ہیں جن میں ایک 5 سال کا بچہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات یاد رکھیے کہ بھارت نے پاکستان میں مساجد کو نشانہ بنایا ہے، مساجد اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا اس تنگ نظر سوچ کی عکاسی کرتا ہے جوکہ مودی کی حکومت میں ہندتوا کے زیر تسلط بڑھ رہی ہیں جس میں اقلیتوں باالخصوص مسلمانوں اور ان کی مذہبی آزادی کو سلب کیا جارہا ہے اور انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے دشمن کو چند لمحوں بعد ہی منہ توڑ جواب دیا اور دے رہی ہیں، افواج پاکستان نے دشمن کے 5 طیارے اور ایک ڈرون کو مارگرایا، پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو اس وقت گرایا جب انہوں نے پاکستان پر حملہ کیا، بھارت کی جانب سے بلاثبوت الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان میں مساجد اور سول آبادی پر بزدلانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں 26 معصوم شہری شہید ہوئے جن میں 2 بچے بھی شامل تھے، اس حملہ میں 46 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کا دندان شکن جواب دیا گیا، پاک فضائیہ کے تمام طیارے، دفاعی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا ایک اور انتہائی افسوسناک عمل بھارت کی جانب سے یہ کیا گیا کہ بھارت کی جانب سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے نوسیری ڈیم کے اسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا اور اسے نقصان پہنچایا گیا، ہائیڈرو اسٹرکچر کو نشانہ بنایا ایک ناقابل قبول اور خطرناک شر انگیزی ہے، کیا ہندوستان پاکستان کے عوام کے پانی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، کیا بھارت جانتا ہے کہ اس کے کیا اثرات ہوں گے، اس کا کیا مطلب ہے، کیا بین الاقوامی قوانین اور جنگی روایات اس بات کی اجازت دیتے ہیں کہ آپ کسی اور ملک کے پانی کے ذخائر اور ڈیمز کو نشانہ بنائیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ہندوستان نے نیلم جہلم ہائیڈرو پارکس پروجیکٹ کو نشانہ بنایا اور نقصان پہنچایا، بھارت نے پاکستان کی جری قوم کو للکارا ہے، بھارت کی غلط فہمی کو یقیناً جلد ٹھیک کردیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپورجواب دیا جارہا ہے اور دیا جاتا رہے گا، بھارت نے جب بزدلانہ کارروائی کی تو اس وقت نیشنل اور انٹرنیشنل پروازیں پاکستان کے ایئرسپیس پر موجود تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی خودمختاری، سالمیت کیلئے جان دینا ہمارا نصب العین اور خوش قسمتی ہے، افواج پاکستان قوم کی حمایت کے ساتھ بھارتی جارحیت کا جواب دے رہی ہیں، کسی کو بھی پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ، نوسیری ڈیم کے سٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا اور نقصان پہنچایا، ہائیڈرو سٹرکچر کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اور خطرناک اقدام ہے، آبی تنصیبات کو نشانہ بنانا جنگی اقدار اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کیا ہندوستان پاکستان کے عوام کے پانی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے؟ کیا ہندوستان جانتا ہے کہ اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے؟ کیا عالمی قوانین، جنگی اقدار اور روایات اس بات کی اجازت دیتی ہیں؟ آپ کسی دوسرے ملک کے پانی کے ذخائر، ڈیمز اور ہائیڈرو پروجیکٹس کو نشانہ نہیں بنا سکتے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ پاک فوج نے بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 طیاروں اور ایک کمبیٹ ڈرون کو مار گرایا، بھارتی طیاروں کو جنرل ایریا بھٹنڈا، اکھنور، اونتی پور اور ایک مقبوضہ سری نگر میں بھارتی طیاروں کو مار گرایا گیا، ان طیاروں کو اس وقت گرایا گیا جب ان طیاروں نے پاکستان پر حملہ کیا، تباہ ہونے والے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29، ایک سکوئی اور ایک کمبیٹ ڈرون شامل ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا پاک فضائیہ اور فوج نے بھارت کی کئی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا، سیز فائر کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فوج کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا، چھتری پوسٹ، جورا پوسٹ، شاہپور تھری پوسٹ اور دیگر پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ یاد رہے کہ پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان میں مساجد اور سول آبادی پر بزدلانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں 26 معصوم شہری شہید ہوئے جن میں 2 بچے بھی شامل تھے، اس حملہ میں 46 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
