ویب ڈیسک: پاکستان کیخلاف اشتعال انگیز کارروائیوں کی بدولت بھارت کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس دوران اس کے کئی بڑے ہوائی اڈے بند جبکہ فلائٹ آپریشنز معطل ہو گئی ہے۔
بھارتی افواج کی جانب سے رات کی تاریکی میں آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں پر بلااشتعال حملوں کے بعد پاک فوج نے بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا، جس کے بعد بھارت کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔
بھارتی حملوں میں کوٹلی، مظفرآباد، باغ، مریدکے اور احمد پور شرقیہ کے شہری علاقے نشانہ بنے، جس میں 2 مساجد شہید، ایک بچی سمیت 26 پاکستانی شہید اور 36 زخمی ہوئے۔
پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی فضائیہ کے 6 طیارے (تین رافیل، ایک سکوئی، ایک مگ 29، ایک ڈرون) مار گرائے اور بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو بھی تباہ کر دیا۔ اس جوابی کارروائی کے بعد بھارت نے لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈا لہرا کر پسپائی اختیار کی۔
موجودہ صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد بھارت کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس کے کئی بڑے ہوائی اڈے بند جبکہ فلائٹ آپریشنز معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ متاثرہ ائیرپورٹس میں دھرم شالہ، لیہہ، جموں، سری نگر، امرتسر، چندی گڑھ، راجکوٹ، بھج، جام نگر اور بیکانیر شامل ہیں۔ بھارتی ایئرلائنز نے سوشل میڈیا پر پروازوں کی منسوخی کا اعلان کیا ہے۔
