ویب ڈیسک: چین نے پاکستان پر بھارتی حملہ تشویشناک اور افسوس ناک قرار دیدیا، چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت کی آج صبح کی فوجی کارروائی پر ہمیں گہری تشویش ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے میڈیا سے بات چیت میں مزید بتایا کہ چین سمجھتا ہے کہ بھارت اور پاکستان دونوں اس خطے کے اہم ہمسایہ ممالک ہیں، اور ان کے درمیان کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں تمام فریقین کو تحمل اور صبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے، فریقین ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے کے امن و استحکام کو مزید متاثر کر سکتے ہیں۔
چینی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت ہمیشہ سے ہمسایہ ممالک رہے ہیں، اور چین ان کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتا ہے۔ موجودہ صورتحال میں دانشمندی، بات چیت اور ذمہ داری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر بھارتی حملہ تشویشناک اور افسوس ناک ہے، اس سلسلے میں واحد حل بات چیت ہے، کسی بھی جارحیت کے اثرات پورے خطے پر پڑ سکتے ہیں۔
