ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے صوبائی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام ملکی دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، غزوہ ہند میں مسلمانوں کو کامیابی مل کر رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کے حوالے سے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپیکر صوبائی اسمبلی، صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، آئی جی پی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریز نے بھرہپور شرکت کی۔
اجلاس میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی کے لئے دعا کی گئی، جبکہ بھارتی جارحیت پر سخت رد عمل کا اظہار اور جارحانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی گئی، اس کے ساتھ ساتھ ملکی دفاع کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے سکیورٹی فورسز کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی، اجلاس میں کابینہ کو پاک بھارت کشیدگی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
خیبر پختونخوا کابینہ کی جانب سے کہا گیا کہ بھارت کی طرف سے جارحیت اور رات کی تاریکی میں شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی شرمناک اور بزدلانہ اقدام ہے، بھارت کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم یہاں سے بھارت کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم ملک کی دفاع کے لئے ہر وقت تیار ہیں، ہمارا ایمان ہے کہ غزوہ ہند ہوگا اور اس میں فتح مسلمانوں کی ہوگی، ہماری خوش قسمتی ہوگی اگر ہم غزوہ ہند کا حصہ بنیں، بحیثیت مسلمان ہمارے لئے سب سے بڑا رتبہ شہادت ہے اور ہم شہادت کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ہم کشمیر اور پنجاب کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں، ملکی دفاع کے لئے ہم سب متحد ہیں، 25 کروڑ عوام ملک کی فوج ہیں، مودی کی جارحانہ پالیسی اس کے اپنے ہی لوگوں اور ملک کو خطرے میں ڈال رہا ہے، پاکستان اپنے تحفظ کے لئے بھر پور جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز بھارتی جارحیت کا بھر پور جواب دے رہی ہیں، بھارتی جارحیت کا بھر پور اور بروقت جواب دینے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت سکیورٹی فورسز کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیر اعلی کا کابینہ اجلاس میں کہنا تھا کہ بھارتی فاشسٹ حکومت کا جارحانہ رویہ خطے کے امن کے لئے مستقل خطرہ ہے، بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے ، ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، عالمی برادری بھارت کے اس جارحانہ رویے کا سخت نوٹس لے، خیبرپختونخوا کے عوام ملکی دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ وطن کی مٹی کے دفاع کے لئے ہماری جانیں حاضر ہیں، صوبے کے عوام بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے شہریوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، خیبر پختونخوا کے عوام ان متاثرین کی امداد کے لئے ہر ممکن تعاون کی فراہمی کے لئے تیار ہیں، اس اہم قومی معاملے پر مشاورت میں ہمارے لیڈر عمران خان کو شامل کیا جائے، تاہم ہمارے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے۔
