سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

ملک بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ، عملہ کی چھٹیاں منسوخ

ویب ڈیسک:بھارتی فضائی حملوں کے خدشے کے پیش نظر ملک بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، اس کے علاوہ طبی عملے کی تمام چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے وفاق کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے، ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں میری ترجیح عوام کی صحت کا تحفظ ہے۔ تمام ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور انتظامی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، تمام طبی عملے کو فوری طور پر ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔
وفاقی وزیرِ صحت نے جنیوا اور قطر کے طے شدہ سرکاری دورے بھی منسوخ کر دیے جبکہ وفاقی ادارہ صحت میں ایمرجنسی کوئیک ریسپانس سینٹر قائم کر دیا ہے، جو کہ ہفتے کے ساتوں چوبیس گھنٹے فعال رہے گا۔ ایمرجنسی سینٹر جنگی حالات سے متعلق فوری ردعمل کے لیے فعال کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام صوبائی و ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز سے براہِ راست رابطے کا نظام قائم کر دیا ہے، صوبائی صحت سیکرٹریز کو وزارتِ صحت سے مستقل رابطے میں رہنے کی ہدایت کر دی ہے اور تمام صوبوں کو ایمرجنسی پلان اپ ڈیٹ کرنے کا پابند بنا دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  مودی باز نہیں آئے، قوم سے خطاب میں پھر پاکستان پر روایتی الزامات دہرا دیئے