ویب ڈیسک: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستانی قوم کو للکارا ہے ،اس کی غلط فہمی کو دور کردیں گے۔
رات کی تاریکی میں بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہمارا دشمن بزدل اور کم ظرف ہے، بھارتی طیاروں کو تب گرایا گیا جب انہوں نے پاکستان پر حملہ کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کا جواب کب اور کیسے دینا ہے اس کے لیے وقت اور جگہ کا تعین ہم خود کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں مساجد کو نشانہ بنایا لیکن قوم کی بھرپور حمایت سے مسلح افواج نے دشمن کو چند لمحوں میں بھرپور جواب دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج نے بھارت کے 5 طیاروں کو گرایا جن میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک سنحوئی طیارہ شامل ہے جبکہ 7 ڈرونز بھی مار گرائے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارتی حملے کے وقت پاکستانی فضائی حدود میں 57 بین الاقوامی طیارے موجود تھے، بھارت نے کئی ملکوں کے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو نقصان پہنچایا اور ہائیڈرو پروجیکٹ کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اور خطرناک ہے۔
