بھارتی ڈرون مار گرا دیئے گئے

لاہور ،گوجرانوالہ،چکوال،شیخو پورہ اور گھوٹکی میں بھارتی ڈرون گرا دیئےگئے

ویب ڈیسک: پنجاب کے دارالحکومت لاہور ،گوجرانوالہ ،چکوال ، شیخوپورہ اور گھوٹکی میں بھارتی ڈرون مار گرا دیئے گئے ۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے والٹن روڈ پر پولیس نے بھارتی ڈرون مارگرایا ہے، بھارتی ڈرون کو سسٹم جام کر کے گرایا گیاجس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے ۔
پولیس حکام نے بتایا کہ لاہور ایئرپورٹ کے قریب 5 سے 6 فٹ کی پیمائش کا ڈرون سرحد پار سے آپریٹ کیا جارہا تھا، جسے پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جام کرکے مار گرایا، یہ بھارتی ڈرون حساس مقامات کی جاسوسی کے لیے اڑایا گیا تھا۔
دوسری جانب گوجرانوالہ میں جمعرات کی صبح دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد کینٹ کے علاقے میں نصب ایئر ڈیفنس سسٹم متحرک ہوگیا اور ایک بھارتی ڈرون کو نشانہ بنا کر مار گرایا۔
عسکری ذرائع کے مطابق یہ آوازیں اس وقت سنائی دیں جب ایک بھارتی ڈرون نے انتہائی اونچی پرواز کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے گوجرانوالہ کینٹ کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون شہر کے فضائی حدود میں داخل ہوا تو کینٹ ایریا میں نصب ایئر ڈیفنس نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے اسے نشانہ بنایا۔ عسکری ذرائع کے مطابق یہ کارروائی گوجرانوالہ کینٹ کے قریب کی گئی۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل عاصم منیر آج کوئٹہ کا دورہ کرینگے

ذرائع کے مطابق انڈین ڈرون انتہائی اونچی پرواز گجرانوالہ کینٹ کے قریب آرہا تھا کہ ایئر ڈیفنس سسٹم متحرک ہو گیا اور ایئر ڈیفنس سسٹم کی طرف سے ہونے والے دو فائر میں ڈرون گر گیا۔
اسی طرح چکوال میں ڈھمن کے علاقے میں دیوالیاں کے قریب ڈرون گرگیا تاہم کوئی جانی نقصان دیکھنے میں نہیں آیا۔
ذرائع کے مطابق شیخو پورہ میں بھی پاک فوج نے بھارتی ڈرون کو مار گرایا ہے جبکہ گھوٹکی کے کھینچو تھانے کی حدود داد لغاری گوٹھ میں بھی ڈرون گرنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
ایس ایس پی گھوٹکی کے مطابق ڈرون گرنے کا واقعہ داد لغاری تھانے کی حدود میں ہوا جبکہ ڈرون کا ملبہ قبضے میں لے لیا گیا ہے، یہ علاقہ بھارتی بارڈر کے قریب کا ہے۔

مزید پڑھیں:  42ارب روپے کی عدم ادائیگی: خیبرپختونخوا مالی بحران کی طرف بڑھنے لگا