ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے ضلع دیر میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی، ندی نالوں میں طغیانی اور تودے گرنے سے سڑکیں بند ہو گئیں۔
دیر لوئر کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ موسم خوشگوار ہوگیا، بیشتر مقامات پر بادل آسمان پر چھائے رہے اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں۔
دوسری جانب دیر بالا کے دیر کوہستان میں موسلا دھار بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی نے تباہی مچا دی۔
باڈا کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے وادی کمراٹ جانے والی سڑک بند ہو گئی، جس سے بڑی تعداد میں سیاح پھنس کر رہ گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق متاثرہ علاقوں میں پھنسنے والے سیاحوں میں مرد، خواتین، بوڑھے اور بچے سب شامل ہیں۔
دریں اثنا پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو 12 مئی تک جاری رہ سکتا ہے۔
