آئی ایم ایف کا پاکستان کی حمایت

بھارتی مطالبہ مسترد:آئی ایم ایف کا پاکستان کی غیرمشروط حمایت کااعلان

ویب ڈیسک: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے قرض پروگرام کو روکنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی ایم ایف کے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان کے قرض پروگرام کے جائزے پر ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس طے شدہ شیڈول کے مطابق کل ہوگا، جس میں کسی قسم کی تاخیر یا تبدیلی نہیں کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے پرامید ہے اور دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازع کے پرامن حل کی خواہش رکھتا ہے۔
جاری بیان میں خطے میں استحکام اور اقتصادی ترقی کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ پاکستان کے مطابق اس اجلاس میں ملک کو آئی ایم ایف سے دو اعشاریہ تین (2.3) ارب ڈالر کے فنانسنگ پیکیج کی منظوری ملنے کی قوی امید ہے یہ پیکیج ملکی معیشت کو سہارا دینے اور مالیاتی استحکام کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (RSF) کے تحت ایک اعشاریہ تین (1.3) ارب ڈالر کے کلائمیٹ فنانسنگ پروگرام کی منظوری بھی متوقع ہے۔
فنڈز پاکستان کو آئندہ اٹھائیس ماہ میں مرحلہ وار اقساط کی صورت میں فراہم کیے جائیں گے تاکہ ماحولیاتی چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

مزید پڑھیں:  وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آج ہوگا