اسرائیلی ساختہ 25ڈرونز گرا دیئے

پاک فوج نےمختلف شہروں میں اسرائیلی ساختہ25ڈرونزگرادیئے،آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک: بھارتی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ، پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں اسرائیلی ساختہ 25جدید ڈرونز گرادیئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں اسرائیلی ساختہ جدید ہیروپ ڈرون چھوڑ دیے، تاہم پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے تمام ڈرونز کو گرادیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کے 6/7مئی کے بزدلانہ حملہ میں 5جدید طیاروں، ڈرونز، متعدد پوسٹوں کے تباہ اور فوجی ہلاکتوں ہونے کے بعد بھارت بوکھلاہٹ میں اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بھوکلاہٹ کی نشانی ہے لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت نے بھرپور نقصان اٹھایا اور اٹھا رہا ہے پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر شرافی گوٹھ اور گلشن حدید میں 2ڈرون گرائے گئے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سندھ کے ضلع گھوٹکی کے گاؤں سرفراز لغاری میں ڈرون تباہ ہونے کے بعد گرنے سے مختیار نامی کسان جاں بحق، جبکہ اس کا والد ایدھن زخمی ہوگیا۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں بھارت کے جاسوس ڈرون تباہ کرد یے گئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ لاہور میں صبح سے اب تک 3 ڈرون گرائے جاچکے ہیں، والٹن روڈ لاہور پر 2ڈرون گرائے گئے ، ایک ڈیفنس میں گرایا گیا، ایک ڈرون اسرائیلی ساختہ تھا۔
راولپنڈی میں بھی 2 جاسوس ڈرون مار گرانے کی اطلاع ملی ہے، ڈرون گرنے کے نتیجے میں 2افراد زخمی بھی ہوئے، ایک ڈرون راولپنڈی ریس کورس گراؤنڈ میں گرا۔
گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں 2ڈرون مار گرائے گئے، دونوں ڈرونز کے ملبے مل گئے، ایک ڈرون کا ملبہ گاؤں پیر جھنڈ کے کھیتوں اور دوسرے ڈرون کا ملبہ واہنڈو کے ٹوکریاں گاؤں سے ملا ہے۔
شیخوپورہ کے گاؤں باہومان کے قریب بھی بھارتی ڈرون مارگرایا گیا اسی طرح چکوال کے تھانہ ڈوہمن کی حدود میں مبینہ طور پر بھارت کا جاسوس ڈرون کھیتوں میں گر کر تباہ ہوگیا،بہاولپور کے قریب چولستان میں بھارتی ڈرون بھی گرایا گیا ہے۔
اٹک میں بھی ایک ڈرون گرائے جانے کی اطلاع ملی ہے، پولیس ذرائع کے مطابق اٹک کے علاقے ڈھوک اعوان میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے بھارتی ڈرون مارگرایا، ڈرون کا ملبہ گرنے سے محبوب نامی شہری جاں بحق ہوا، سیکیورٹی اداروں نے ڈرون کے ملبے کو تحویل میں لے لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعات کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر ملک بھرمیں جشن،لوگ سڑکوں پرنکل آئے