ویب ڈیسک: پاک بھارت کشیدگی پر دونوں ممالک کے فنکار اپنے اپنے ملک کے حق میں بول پڑے تاہم بالی ووڈ کے تین خانز شاہ رخ خان، عامر خان اور سلمان خان نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ پاکستانی فنکاروں نے انڈیا کا نیا نام ”بزدل بھارت” رکھ دیا۔
بھارتی جارحیت کے بعد ٹویٹر،انسٹاگرام اور دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پر ایک طرف بھارتی اداکاروں اکشے کمار، سنیل شیٹھی ،راجنی کانت ، سیف علی خان ودیگر نے آپریشن سندور پر پیغامات شیئر کیے تو دوسری طرف پاکستانی اداکاروں نے بھی بھارتی جارحیت پر شدیدغم وغصہ کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اداکارہ ماہرہ خان نے کہاکہ تشدد جہاں بھی ہو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں تاہم پاکستان پر بغیر کسی ثبوت الزام لگا کر حملہ کیا گیا، انہوں نے مزید کہاکہ رات کی تاریکی میں حملہ کرنا اور اسے جیت قرار دینا شرمناک ہے، اداکار یاسرحسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ بزدل بھارت انڈیا کا نیا نام ہے، مودی کا نام آپ لوگ تجویز کرلیں۔
اداکارفواد خان نے حملے کو شرمناک قراردیتے ہوئے کہاکہ ایسے بیانات سے گریز کیا جائے جس سے آگ کے شعلے بھڑکیں، یہ معصوم انسانی جانوں کی قیمت نہیں ہوسکتی۔ اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنے پیغام میں کہاکہ آپ معصوم لوگوں پر بمباری کرکے اسے سٹریٹیجی کا نام نہیں دے سکتے، یہ شرمناک اور بزدلی ہے۔
اداکاروں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور قیام امن کی ضرورت پر بھی زور دیا، اسی طرح دیگر پاکستانی اداکاروں نے بھی بھارت حملوں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے بزدلانہ حملہ قراردیااور پاک افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
پاک بھارت کشیدگی پربالی ووڈ کے تین سپر سٹارز شاہ رخ خان، عامرخان اور سلمان خان خاموش ہیں کیونکہ بھارت سمیت پاکستان میں بھی بڑی تعداد میں ان کے مداح موجود ہیں، تاہم تعصب پسند اور انتہا پسند بھارتی اداکاروں کی جانب سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹ کرکے سویلینز پر بھارت کے بزدلانہ حملے کو سراہا گیا ہے۔ یاد رہے کہ رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملوں کے بعد پاکستانی فنکاروں نے انڈیا کا نیا نام ”بزدل بھارت” رکھ دیا۔
