عمران خان کی رہائی کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کر دیا

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی سیاسی و کور کمیٹی نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کر دیا، تفصیلات کے مطابق موجودہ پاک بھارت جنگ کے اس کشیدہ ماحول میں ملک و قوم کی ٹھوس صف بندی اور بھارتی جارحیت کے مقابلے میں کثیرالجہتی قومی پالیسی کی تشکیل کیلئے سابق وزیر اعظم عمران خان کی فوری رہائی عمل میں لاکر کل جماعتی کانفرنس کے انعقاد اور عمران خان کی اس میں شمولیت یقینی بنانے کا پرزور مطالبہ کیا جاتا ہے۔
اس سلسلے میں پی ٹی آئی سیاسی و کور کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں کھلی بےعملی، کنفیوژن اور گومگو کی کیفیت سے نکلنا ناگزیر ہے، اس سلسلے میں قومی امنگوں، زمینی حقائق کے تقاضوں سے ہم آہنگ حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے، تاہم فارم 47 حکومت اور ان کی مینڈیٹ چور سرکار اس میں واضح طور پر ناکام رہی، جس کی وجہ سے شرانگیز بھارت سرکار کی ہمت بندھ رہی ہے۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی کی جانب سے شرانگیز بھارتی جارحیت کے مقابلے میں بروقت، مؤثر اور فیصلہ کن جوابی کارروائی ناگزیر قرار دیدی گئی ہے، تاہم اس سلسلے میں حکومتی صفوں میں نمایاں کنفیوژن پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی اور سیاسی کمیٹی کی جانب سے پاکستان کے خلاف بزدلانہ، بلااشتعال اور مجرمانہ جارحیت کی شدید مذمت، بزدلانہ بھارتی حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ شہادتوں اور مسجدوں کی بے حرمتی کا حساب ہندتوا کے مراکز اور پیروکاروں سے لینا باقی ہے، جبکہ مسلط نااہل اور ناجائز حکومت ایسا کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتی، موجودہ حالات دشمن کے مقابلے میں قومی یکجہتی کا تقاضا کرتے ہیں مگر خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دے کر قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا گیا۔
پی ٹی آئی کور و سیاسی کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاک سرزمین پر بھارتی جارحیت اور نہتے معصوم پاکستانیوں کے قتلِ عام کا معاملہ ہر لحاظ سے سنگین ہے، اسے کسی طور ہلکا نہیں لے سکتے، عمران خان نے اقوامِ متحدہ اور پلوامہ واقعے کے بعد بھارتی جارحیت کے جواب میں دنیا پر واضح کیا تھا کہ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو صرف ہمارے جوان نہیں، ہر پاکستانی لڑے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کا کہناہے کہ حکومت کو وہ لب و لہجہ اختیار کرنا چاہئے کہ جسے سمجھنے کا بزدل ہندوستان اور مودی کی ہندوتوا سرکار عادی ہے، پاکستان تحریک انصاف امن کی داعی، عمران خان پوری دنیا میں امن کے داعی ہیں، تاہم مادرِ وطن کے دفاع اور قومی سلامتی پر کسی قسم کی کنفیوژن یا کمزوری گوارا نہیں کرسکتے۔

مزید پڑھیں:  بولاری ائیر بیس میں شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ ادا