سویلین کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل

سویلین کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل کسی طور درست نہیں،اسد قیصر

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ جس دن پاکستان پر حملہ ہوا اسی دن ملٹری کورٹ کا فیصلہ آیا، سویلین کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل کسی طور درست نہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر نے کہا کہ جس دن قومی یکجہتی کی سب سے زیادہ ضرورت تھی اسی دن سپریم کورٹ نے ملٹری کورٹس کا فیصلہ دیاگیا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر جب بھی مشکل وقت پڑا پی ٹی آئی نے ذمہ دار سیاسی جماعت کی طرح ردعمل دیا، پی ٹی آئی رہنما جیل میں گئے اپنے لیڈر سے ملنے گئے لیکن ان کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق ہم ان سے ملنے گئے، خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ عدالتی حکم لے کر ملنے گئے اور انہیں بھی ملنے نہیں دیا گیا، حکومت نے قومی یکجہتی پارہ پارہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں ہیں جو کہ ٹارگٹ ہوسکتے ہیں، قومی یکجہتی کے لیے انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے، قومی یکجہتی کو حکومت خود خراب کررہی، اس کے باوجود کہ ہم حالت جنگ میں ہیں قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کیا جارہا ہے کسی کو یہ حق نہیں دیں گے کہ وہ ملکی وحدت کو پارہ پارہ کرے۔

مزید پڑھیں:  9مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس کے ملزمان پر فرد جرم کیلئے تاریخ مقرر