ویب ڈیسک: پشاور تعلیمی بورڈ نے طلبہ کے احتجاج کی آڑ میں چھینا گیا مطالعہ پاکستان کا پرچہ دوبارہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے واقعہ کی ایف آئی آر درج کرنے کے لئے پولیس سے رابطہ کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق آج ہشت نگری پشاور میں طلبہ کی جانب سے احتجاج کی آڑ میں نجی کالج کے امتحانی ڈیوٹی پر مامور سپرنٹنڈنٹ سے شر پسند عناصر نے مطالعہ پاکستان کے پرچے چھین کر پھاڑ دیئے جس کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنرپشاور ڈویژن اور چیئرمین پشاور تعلیمی بورڈ ریاض خان محسود نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل پشاور کو واقعے کی فوری تحقیقات کرنے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کئے۔
کمشنر پشاور ڈویژن نے تعلیمی بورڈ کے حکام کو چھینے گئے پرچے 29مئی کو دوبارہ لینے کے احکامات بھی جاری کردیئے ۔
کمشنر پشاور ڈویژن چیرمین پشاور تعلیمی بورڈ ریاض خان محسود کا کہنا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں شر پسند عناصر نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے سپرنٹنڈنٹ سے پرچے چھینے جو کہ فرسودہ نظام کی کڑی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ واقع میں ملوث پس پردہ عناصر کا چہرہ جلد عوام کے سامنے لایا جائے گا اور ان کو کڑی سزا دی جائے گی۔
انہوں نے واقعے کی باقاعدہ ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دیں ۔
