کوہستان سکینڈل آڈٹ کی کارروائی

کوہستان سکینڈل،سپیکرکی آڈٹ کی کارروائی شفافیت کیساتھ آگے بڑھانے کی ہدایت

ویب ڈیسک: سپیکر خیبر پختونخوا بابر سلیم سواتی نے کوہستان سکینڈل سے متعلق آڈٹ کی کارروائی شفافیت کے ساتھ آگے بڑھانے کی ہدایت کردی ۔
اس سلسلے میں سپیکر خیبرپختونخوا بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت کوہستان اسکینڈل سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہواجس میں ڈی جی آڈٹ خیبرپختونخوا اور متعلقہ اسمبلی حکام نے شرکت کی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے کانفرنس روم میں منعقدہ اجلاس کے دوران شرکا کو کوہستان اسکینڈل میں استعمال ہونے والے مشتبہ بینک اکاونٹس کے گزشتہ دس سالہ تفصیلی آڈٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں آڈٹ اکائونٹ تک رسائی اور شرائط و ضوابط (TORs) پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ آڈٹ کے عمل کو شفاف اور موثر بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران سپیکر بابر سلیم سواتی نے ہدایت کی کہ آڈٹ کی کارروائی کو مکمل دیانتداری اور شفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے، تاکہ پبلک اکائونٹس کمیٹی اس کیس میں موثر کارروائی کرتے ہوئے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے رقم کی ریکوری کو یقینی بنائے۔
اس موقع پر ڈی جی آڈٹ خیبرپختونخوا نے اجلاس کے دوران آڈٹ کے دائرہ کار اور اکائونٹ تک رسائی کے معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
سپیکر بابر سلیم سواتی نے واضح کیا کہ صوبائی اسمبلی اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریوں کو دیانتداری کے ساتھ نبھائے گی اور پی اے سی مکمل طور پر فعال ہے، آڈٹ کے عمل کے بعد سامنے آنے والے حقائق کی روشنی میں کارروائی کی جائے گی
انہوں نے ڈی جی آڈٹ کو خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ 14مئی کو کوہستان مالی سکینڈل پر ہونے والے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے لیے مکمل تیاری کے ساتھ شرکت یقینی بنائیں۔
سپیکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی بدعنوانی کے خاتمے اور عوامی وسائل کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی اور شفاف احتساب کو یقینی بناتے ہوئے ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  کاٹلنګ: 20 سالہ دشمنی دوستی میں بدل گئی، فریقین بغلگیر