عوام پرامن رہیں

عوام پرامن رہیں، افواجِ پاکستان پر مکمل بھروسہ رکھیں، حکومت خیبر پختونخوا

ویب ڈیسک: پاک بھارت کشیدگی کے دوران حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ عوام پرامن رہیں اور افواجِ پاکستان پر مکمل بھروسہ رکھیں، اس کےساتھ عوام اتحاد کا مظاہرہ کریں۔
صوبائی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حالیہ بھارتی جارحیت کے پیش نظر، حکومت خیبر پختونخوا پاکستان بھر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار، اور افواجِ پاکستان و دیگر قومی اداروں کی جرات مندانہ تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اعادہ کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ خوف و ہراس میں مبتلا ہونے کے بجائے عوام پرامن رہیں، اور انہیں ذمہ دار شہری بن کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، افواجِ پاکستان مکمل طور پر الرٹ، تیار اور ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قومی ادارے باہم مربوط انداز میں ملک کے دفاع، عوام کی حفاظت اور معمولاتِ زندگی کے تسلسل کو یقینی بنانے میں مصروفِ عمل ہیں، خیبر پختونخوا کے غیرت مند اور محب وطن عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، اور شہری صرف سرکاری ذرائع یا مستند قومی میڈیا سے جاری شدہ اطلاعات پر بھروسہ کریں۔
ذرائع کے مطابق یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی جعلی خبروں یا گمراہ کن پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں، تمام ضلعی انتظامیہ، ہسپتالوں، ریسکیو 1122 اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کی فوری معاونت ممکن ہو سکے۔
عوام سے اپیل کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت کا کہنا ہے کہ یہ وقت اتحاد، اعتماد اور قومی شعور کا تقاضا کرتا ہے، ہم سب مل کر ان آزمائشوں کا مقابلہ کریں گے، پاکستان زندہ باد۔

مزید پڑھیں:  جناح ہاؤس حملہ : ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 24مئی کی تاریخ مقرر