ویب ڈیسک: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا آرمی چیف اور اسحاق ڈار سے رابطہ ہوا ہے، اس دوران کشیدگی کم کرنے پر زور دیا گیا ہے جبکہ موجودہ صورت حال میں تعمیری تعاون کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلی فونک رابطہ کیا، اس دوران موجودہ صورت حال زیر بحث رہی۔
بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی رات کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے 5 مقامات پر حملے کیے جس کا پاکستانی فورسز نے منہ توڑ جواب دیا، پاکستان کی جانب سے بارہا خبردار کرنے کے باوجود بھارت کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری رہا اور بھارت نے ڈرون حملوں کے بعد میزائل حملوں سے پاکستانی ائیر بیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
پاکستان نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ ائیر بیسز سمیت کئی ائیر فیلڈز کو تباہ کر دیا۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔ اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات میں پاکستانی ڈرونز کئی گھنٹوں تک پرواز کرتے رہے۔ پاکستان نے بھارت کی بھٹنڈا ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا۔
اب اطلاعات ہیں کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے رابطہ کر کے موجودہ صورت حال میں تعمیری تعاون کی پیشکش کی ہے۔ اس سلسلے میں ترجمان امریکی وزارت خارجہ ٹیمی بروس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرخارجہ مارکو روبیو نے پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔
ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ مارکو روبیو نے فریقین پر زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے کے طریقے تلاش کریں، مارکو روبیو نے مستقبل میں تنازعات سے بچنے کیلئے تعمیری مذاکرات میں مدد کی پیشکش ہے۔ مارکو روبیو نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی رابطہ کیا اور بھارت سے جاری حالیہ کشیدگی پر تحمل سے مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا آرمی چیف اور اسحاق ڈار سے رابطہ ہوا ہے، اس دوران کشیدگی کم کرنے پر زور دیا گیا ہے جبکہ موجودہ صورت حال میں تعمیری تعاون کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔
