ویب ڈیسک: پاک فوج کا جوابی وار اس قدر شدید اور تیز ترین تھا کہ دشمن کو سنبھلنے کا موقع بھی نہ مل سکا، محض 5 گھنٹے میں بھارتی غروردفن کردیا، پاک فوج نے مختصر ترین وقت میں دشمن پر فیصلہ کن برتری سے دشمن گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گیا۔
پاک فوج نے مختصر ترین وقت میں دشمن پر فیصلہ کن برتری حاصل کرتے ہوئے اسے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، پاکستانی مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 5 گھنٹوں میں دشمن کو ایسی کاری ضرب لگائی کہ بھارت کا جنگی غرور زمین بوس ہو گیا۔ یہ کارروائیاں اعلیٰ تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور بروقت فیصلہ سازی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئِی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے JF-17 تھنڈر ہائپر سونک میزائلوں نے آدم پور میں بھارت کے جدید S-400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو تباہ کر دیا، جس کی قیمت تقریباً 1.5 ارب ڈالر ہے۔ اس نظام کے ٹوٹتے ہی بھارت کا دفاع ختم ہو گیا۔
ادھر پاکستانی سائبر ماہرین نے بی جے پی کی آفیشل ویب سائٹ سمیت بھارت کی درجنوں اہم ویب سائٹس کو ہیک کر لیا، ان میں کرائم ریسرچ انویسٹیگیشن ایجنسی، مہانگر ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی، بھارت ارتھ موورز لمیٹڈ، ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ، بارڈر سیکیورٹی فورس، انڈیا کی منفرد شناخت اتھارٹی اور ہزاروں سرکاری کیمروں کا کنٹرول بھی حاصل کر لیا گیا۔
دوسری طرف 70 فی صد بھارتی بجلی کا نظام بھِی سائبر حملے کی زد میں آ کر معطل کر دیا گیا، جو دشمن کے مواصلاتی اور دفاعی ڈھانچے کو مفلوج کر گیا۔ اس کے بعد بری اور فضائی اہداف پر مہلک ضربیں لگائی گئیں۔
پاک فوج نے دہرانگیاری میں بھارتی توپ خانہ، ناگروٹا میں براہموس میزائل ذخیرہ تباہ کر دیئے، اس ہدف کے تباہ ہونے سے دشمن کو بھاری جانی نقصان بھی پہنچا ہے۔ اسی طرح اُڑی فیلڈ سپلائی ڈپو بھی مکمل تباہ کردیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھمبر گلی (IIOJK) میں بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹرز تباہ کردیا گیا۔ برنالہ، پٹھان کوٹ، باتھِنڈا، سرسا اور اکھنور کے فضائی اڈے مکمل تباہ کردیے گئے ہیں۔ خاص طور پر سرسہ ائیر فیلڈ کی تباہی کو بھارتی میڈیا نے خود بھی تسلیم کرلیا ہے۔
رات کے اندھیرے میں بزدلانہ کارروائی کرنے والی بھارتی فوج کو دن کے اجالے میں جواب دیا گیا اور اس دوران لائن آف کنٹرول پر بھارتی چوکیاں نیست و نابود کر دی گئیں۔ پاکستان کی مسلح افواج نے نیزہ پیر سیکٹر کے سامنے دھرم سال 1، دانہ 1، اور ٹیبل ٹاپ پوسٹس مکمل طور پر تباہ کر دیں۔ دشمن کے متعدد دیگر پوسٹس کو بھی مکمل طور پر مٹا دیا گیا ہے۔
پاکستان نے بھارت کی جنگی صلاحیت پر نتیجہ خیز کاری ضرب لگا دی، جبکہ پاک فوج کی صرف چند گھنٹوں کی کارروائی کے دوران بھارتی دفاعی نظام، فضائی طاقت، سپلائی لائن اور سائبر نیٹ ورک کو تباہ کر کے رکھ دیا گیا۔ اس آپریشن نے نہ صرف زمینی بلکہ الیکٹرانک جنگ میں بھی پاکستان کی برتری ثابت کر دی ہے۔
پاکستان کی جانب سے اس جنگ میں دشمن کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان اپنے ہر قدم سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، پاکستانی مسلح افواج نہ صرف چوکنا ہیں بلکہ دشمن کے ہر ہتھکنڈے کو پیشگی ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
