ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف اور صدر زرداری کی ملاقات کے دوران پاک بھارت جنگ زیربحث، اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی، جس میں پاک بھارت کشیدگی اور موجودہ جنگی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے صدر مملکت کو بھارت کی جانب سے جاری جارحیت اور پاکستان کے جوابی آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے قومی سلامتی، خطے کی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی۔
وزیراعظم نے صدر کو بتایا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے کی گئی اشتعال انگیزیوں کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن ملکی خودمختاری اور دفاع کے لیے جواب دینا ناگزیر تھا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم متحد ہے اور پاکستان ہر قیمت پر اپنی سرزمین اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گا۔
