ویب ڈیسک: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کی تصدیق کر دی۔
اپنے بیان میں نائب وزیر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جنگ کسی چیز کا حل نہیں ہوتا، ساڑھے 4 بجے پاکستان اور بھارت نے جنگ بندی پر اتفاق کیا، ہم نے کہا سیز فائر کیلئے تیارہیں اگر بھارت کوئی جارحیت کرے گا تو ہم جواب دیں گے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ جن ممالک نے سیز فائر میں حصہ ڈالا ان کا مشکور ہوں، سارا دن سفارتی کوششیں چل رہی تھیں جس کے بعد اب سیز فائر پر اتفاق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں کی ہیں۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنا بھرپور دفاع کیا، بھارت کو ردعمل بھی باوقار انداز میں دیا۔
