ویب ڈیسک: مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور راناثنااللہ نے کہا ہے کہ دفاعی حکمت عملی سے بھارتی جارحیت کا جواب دیا،بھرپور جواب سے بھارت کی مرمت ہوگئی ہے۔
اسلام آباد میں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر راناثنااللہ نے کہا ہے کہ 6اور7مئی کو بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کیا، پاکستان نے دفاعی حکمت عملی سے بھارتی جارحیت کا جواب دیا، ہم نے بھارتی ڈرونز کو بھی مار گرایا، جہاں سے بھارت اٹیک کررہا تھا ہم نے ان کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بھرپور جواب سے بھارت کی مرمت ہوگئی ہے،بھارت کو دنیا میں ہزیمت اٹھانا پڑی، ہم نے سفارتی محاذ پر زبردست قوم ہونے کا ثبوت دیا، تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
راناثنااللہ کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا ہمارے ساتھ کھڑی ہے، دنیا جانتی ہے بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کیا اور ہم نے اپنا دفاع، ہم پہلگام واقعہ کے وقت سے ہی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں،ہمارے دوست ممالک کا دنیا میں ایک اہم کردار ہے۔
