پشاور دھماکوں سے گونجتا رہا

پشاور دھماکوں سے گونجتا رہا، ڈرونز کی پراسرار پروازوں سے شہری خوفزدہ

ویب ڈیسک: آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد بھی گزشتہ شب پشاور دھماکوں سے گونجتا رہا، اس دوران ڈرونز کی پراسرار پروازوں سے شہری خوفزدہ دکھائی دے رہے تھے، اور ایک دوسرے سے ان دھماکوں کی وجہ پوچھتے پائے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں ائر ڈیفنس سسٹم فعال کر نے کی وجہ سے ہفتے کی شام بھی پشاور دھماکوں سے گونجتا رہا، یہ سلسلہ ہفتہ کی صبح ساڑھے تین بجے اچانک شروع ہوا تھا، جس میں کینٹ اور ایئر پورٹ کے اطراف میں توپوں کے دھماکے شروع ہوئے تھے جو مسلسل ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہے تھے۔
اس دوران شہر میں مساجد سے اعلانات کروائے گئے اور لوگوں کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایات دی گئیں، تاہم روشنی پھیلنے کے بعددھماکوں کا سلسلہ تھم گیا تھا لیکن شام کے وقت شہر کے مختلف علاقوں سے دوبارہ دھماکوں کا یہ سلسلہ شروع ہوا۔ اس حوالے سے زیرگردش افواہوں نے شہریوں اور بالخصوص بچوں اور خواتین کو خوفزدہ کئے رکھا۔
ان دھماکوں سے متعلق سرکاری سطح پر کوئی اطلاعات نہ دینے کی وجہ سے شہری پریشان رہے، کیونکہ کہا جارہا تھا کہ انڈیا نے پشاور پر ڈرون جہازوں سے حملہ کیا ہے، جس کو گرانے کیلئے توپ کے گولے داغے جا رہے ہیں، بعض اطلاعات میں اسے مشقیں قرار دیا جا رہا تھا۔
توپ کے گولے داغے جانے کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر انٹی ایئر گن کی فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی گئیں، جس کے باعث شہریوں میں شدید ترین خوف و ہراس پھیل گیا، اس دوران شہریوں نے موبائل فونز پر اپنے رشتہ داروں سے رابط کیا اور پشاور میں موجودہ صورتحال کے حوالے سے معلومات حاصل کرتے رہے گزشتہ شب رات گئے تک شہریوں میں خوف کی فضا موجود رہی۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان میں فورسز کی کارروائیاں ،بھارتی حمایت یافتہ 3دہشت گرد ہلاک