ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں کی، بلکہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پاکستان میں جشن منایا جا رہا ہے، پاکستان کے اندر جشن کا ماحول ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جس انداز میں بھارت کو دندان شکن جواب دیا، اس پر عوام انتہائِ خوش ہے اور اسی لئے آج ملک بھر میں عوام جشن منا رہے ہیں، بھارتی سیکرٹری خارجہ ملٹری ترجمان کے ہمراہ پریس بریفنگ میں بولنے کے قابل نہیں تھے، آواز بھی ان کا ساتھ نہیں دے رہی تھی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ ہمیشہ من گھڑت اور بے بنیاد الزامات عائد کرتا ہے، ہماری جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، آج بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پاکستان میں جشن منایا جا رہا ہے، اور یوم تشکر بھی آج منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی میں پاکستان کو شاندار کامیابی نصیب ہوئی ہے، بھارت کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔
