ویب ڈیسک: دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بھارتی سیکریٹری خارجہ کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے وعدے پر دیانت داری سے قائم ہے، معاہدے کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔
جنگ بندی کی خلاف ورزی سے متعلق بھارتی سیکریٹری خارجہ کے بیان سے متعلق سوال پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنے وعدے پر دیانت داری سے قائم ہے، معاہدے کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔ شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جنگ بندی پر پاکستان عمل درآمد کے لیے جس طرح اعلان کیا گیا ہے اسی طرح بدستور پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے متعدد علاقوں میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کے باوجود ہماری افواج صورت حال کو ذمہ داری اور تحمل کے ساتھ سنبھال رہی ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ ہمارا ماننا ہے کہ جنگ بندی پر عمل درآمد میں کسی قسم کے مسئلے کو متعلقہ سطح پر رابطہ کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے اور میدان میں موجود سپاہیوں کو بھی تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
