ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے پشاور خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے خودکش دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر و جمیل کی دعا کی ۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے محافظوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت اور بزدلانہ اقدام ہے، طرح کے بزدلانہ حملوں سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، ملک و قوم کے لئے جانیں دینے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، صوبائی حکومت شہدا کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔
