مردان میں مساجد کی شمسی توانائی

مردان میں مساجد کی شمسی توانائی پر منتقلی منصوبے کی انکوائری شروع

ویب ڈیسک: مردان میں مساجد کی شمسی توانائی پر منتقلی منصوبے کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے مردان میں سولرائزیشن منصوبہ میں دوسو ملین یعنی20کروڑ روپے کی پیشگی ادائیگی سے متعلق نشاندہی پر انکوائری کا حکم جاری کردیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک ماہ میں رپورٹ پی اے سی میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ترقیاتی فنڈز کو ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر شعبوں میں خرچ کرنے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
صوبائی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے 14 کروڑ 54 لاکھ روپے کی مبینہ مالی بے قاعدگیوں سے متعلق امور کو زیر غور لایا گیا، اس دوران ڈائریکٹر جنرل آڈٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر آڈٹ نے بتایا کہ پی ڈی اے نے سرپلس ایک ارب 80 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے کافیصلہ کیا تھا، جن میں سے ایک ارب 15 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تاہم تقریبا65 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم کی سرمایہ کاری نہیں کی گئی۔
اس پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ محکمہ خزانہ کی جانب سے پی ڈی اے کو عدم ادائیگیوں کی وجہ سے مذکورہ رقم ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں خرچ کی گئی ہے، اجلاس میں ٹی ایم اے مردان میں مساجد کی سولرائزیشن منصوبہ میں 200 ملین روپے کی ایڈوانس ادائیگی کا معاملہ پی اے سی کے سامنے پیش کیا اور بتایا کہ مکمل ادائیگی کے باوجود ابھی تک کوئی کام نہیں ہوا ہے۔
لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور ا نٹی کرپشن کو بار بار انکوائری کیلئے درخواست دینے کے باوجود اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے، جس پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ سابق ٹی ایم او مردان کیخلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے اوران کو عہدہ سے ہٹادیا گیا ہے۔
کمیٹی نے ایک ماہ کے اندر نہ صرف تحقیقات مکمل کرنے بلکہ ذمہ داروں کیخلاف ایکشن لینے کے احکامات جاری کئے اور ہدایت کی کہ آئندہ کوئی ٹی ایم اے ایڈوانس ادائیگی نہیں کرے گی ڈپٹی آڈیٹر جنرل کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ڈی اے نے واٹر چارجز کی مد میں 2 کروڑ 26 لاکھ روپے اور سڑک کی تعمیر میں ٹھیکیدار سے ایک کروڑ 81 لاکھ روپے ٹیکس کی ریکوری نہیں کی ہے جس پر محکمہ نے جواب دیا کہ 100 فیصد ریکوری کردی گئی ہے۔ یاد رہے کہ مردان میں مساجد کی شمسی توانائی پر منتقلی منصوبے کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  مہمند میں ذہنی مریض نے بھتیجے کو قتل کردیا ،بھائیوں نے قاتل کوبھی مار ڈالا