ویب ڈیسک: تنخواہوں میں تفاوت کیخلاف ایف بی آر ملازمین نے ہڑتال کر دی، جس کی وجہ سے محاصل کی وصولی کا سلسلہ معطل ہوگیا ہے ۔ اس سے قبل بھی تنخواہوں میں تفاوت کیخلاف فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اہلکاروں کی جانب سے ٹوکن ہڑتال شروع کی گئی تھی، تاہم اب ملازمین نے مکمل ہڑتال کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
پشاور آر ٹی او سمیت ملک بھر کے تمام ریجنل اور ذیلی دفاتر میں گذشتہ روز مکمل ہڑتال رہی، جس کے باعث سرکاری کام متاثر ہو کر رہ گیا اور انکم ٹیکس سے جڑے تمام معاملات ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔
ملازمین کی ہڑتال صبح کے آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہی یہ ملازمین کے دفتری نظام الاوقات تھے جس کے دوران کوئی کام نہیں ہوا تاہم مذکورہ وقت ختم ہونے کے بعد ملازمین نے ہڑتال ختم کردی اور گھروں کو چلے گئے۔
ملازمین نے موقف اختیار کیا کہ تنخواہوں میں تفاوت کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے اس وقت تک ہڑتال جاری رہے گی۔
