بھارتی حملوں میں 40 شہری

بھارتی حملوں میں 40 شہری اور11 جوان شہیدہوئے،آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئِی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حملوں میں 40 شہری اور11 جوان شہید ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور7 مئی کی درمیانی شب، بھارتی افواج نے بلا اشتعال اور قابل مذمت وحشیانہ حملے شروع کیے، ان حملوں میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ بھارتی حملوں میں 40 شہری شہید ہوئے جن میں7خواتین اور 15 بچے شامل ہیں جب کہ حملوں میں 10خواتین اور 27 بچوں سمیت 121 افراد زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق معرکہ حق کے دوران وطن کا تحفظ کرتے ہوئے 11 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا جبکہ عام شہریوں پر جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 78 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ مادر وطن پر قربان ہونے والوں میں آرمی کے 6 اور فضائیہ کے 5 اہلکار شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید ہونے والے میں نائیک عبدالرحمان، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، اور نائیک وقار خالد شامل ہیں، جبکہ سپاہی عدیل اکبر اور نثار بھی وطن پر قربان ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب بھی معرکہ حق کے دوران شہید ہوگئے، سینئر ٹیکنیشن نجیب سلطان، سینئر ٹیکنیشن مبشر اور کارپورل ٹیکنیشن فاروق بھی شہداء میں شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی فوج نے 6 اور 7 مئی کو بلااشتعال حملے شروع کئے، بھارتی حملوں میں 40 عام شہری شہید ہوئے، جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل تھے، بھارتی حملوں سے 27 بچوں اور 10 خواتین سمیت 121 افراد زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء قوم کا فخر ہیں، شہداء کی قربانی جرات، جذبے اور محب الوطنی کی شاندار علامت ہے، ان کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں، قوم جارحیت کے سامنے پرعزم ہے، اس میں کوئی ابہام نہیں رہنا چاہیے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آئندہ کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانی، ہمت، لگن اور غیر متزلزل حب الوطنی کی لازوال علامت ہے، شہدا کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، قوم جارحیت کے سامنے پرعزم ہے، اس میں کوئی ابہام نہیں رہنا چاہیے، پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کوچیلنج کرنے کی کوشش کا بھرپوراورفیصلہ کن جواب دیا جائیگا۔

مزید پڑھیں:  شدید گرمی میں بھی بجلی بند، شہریوں نے پیسکو کو داروغہ جہنم کا خطاب دیدیا