ویب ڈیسک: 9مئی مقدمات میں عمر ایوب، اسد عمر، اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں 9مئی سے متعلق مختلف مقدمات میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں فواد چودھری، عمر ایوب، اسد عمر اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں 16 جون تک توسیع کر دی گئی۔
عدالت میں فواد چودھری، علی امتیاز، کرامت کھوکھر سمیت دیگر نے حاضری مکمل کروائی، بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دی۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی، وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمر ایوب ہسپتال داخل ہیں، عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء کو ضمانتوں پر حتمی دلائل کیلئے طلب کر لیا، دیگر ملزمان عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
