ویب ڈیسک: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان نے بھارتی غرور خاک میں ملادیا، معرکہ حق میں افواج پاکستان نے بھارت کی عددی برتری کی پرواہ کئے بغیر ان کی خوش فہمی دور کر دی۔
وزیرِ اعظم نے معرکہ حق کے شہداء کو خراج عقیدت اور ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے ارض وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے 5 اور پاک فوج کے 6 افسران و جوانوں کی شہادت پر انہیں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے نہ صرف ملک کا بھرپور دفاع کیا بلکہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی، افواج پاکستان کے بہادر افسران و جوانوں نے وطن کی حفاظت کا اپنی قوم سے کیا ہوا عہد ایفا کر دکھایا، پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی، آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان نے بھارتی غرور خاک میں ملادیا، اور ایسا دندان شکن جواب دیا کہ اس کے ہوش تھکانے آ گئے، اس آپریشن میں پاک فوج نے بھارت کو واضح کر دیا کہ اسے خطے میں موجود دوسرے ممالک کی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم پرامن قوم ہیں، مگر اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم کسی بھی جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں اور آپریشن بنیان المرصوص اس کا واضح ثبوت ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 15 کم سن بچوں اور 7 خواتین سمیت 40 معصوم لوگوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، اور کہا کہ ہم شہدائے وطن کو بھولے ہیں نہ بھولیں گے، اور ان کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان کیلئے شہداء پیکیج کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کی کفالت کی ذمہ داری ریاست بھرپور طریقے سے انجام دے گی، وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی جبکہ معرکہ حق میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
