ویب ڈیسک: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی بھارت کو منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد امریکہ جنگ بندی کیلئے متحرک ہوا تھا ۔
امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ روبیو نے ٹیلی فونک گفتگو میں آگاہ کیا کہ بھارت جنگ بندی کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی برابری ثابت کر دی ہے اور ہم نے موثر توازن قائم کر لیا ہے، پہلے بھی اور اب بھی امن کے حمایتی ہیں، امریکی صدر کی طرف سے مقبوضہ کشمیر تنازعے کو حل کرنے کی خواہش کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کو تمام مسائل کا حل پرامن طریقے سے مذاکرات سے حل کرنا چاہیے، مقبوضہ جموں کشمیر کا مسئلہ حل ہونا جنوبی ایشیا میں امن کے لیے ضروری ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو پاک فوج کی جوابی کاروائی سے احساس ہوا کہ اس کے تمام تر اندازے غلط تھے، پاکستان اس شرط پر آمادہ ہوا کہ بھارت مزید اشتعال انگیز کاروائیاں نہیں کرے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ روبیو نے ٹیلی فونک گفتگو میں آگاہ کیا کہ بھارت جنگ بندی کے لیے تیار ہے، پاکستان کی جوابی کاروائی کے بعد امریکا اس تنازعے میں متحرک ہوا۔
