ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس 15مئی بروز بدھ دن 11بجے طلب کیا گیاہے جس کیلئے 29نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ۔
جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کی صدارت وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کریں گے ،محکمہ انتظامی امور نے کابینہ کے تمام ارکان کے نام مراسلہ جاری کردیاہے۔
مراسلے کے ساتھ کابینہ کی 32ویں اجلاس کا 29نکات پر مشتمل ایجنڈ ا بھی جاری کیا گیاہے ،جس کے تحت کابینہ کے اجلاس میں پراسیکیوشن سروس سے متعلق اجلاس کے منٹس ،لیگل ایڈ ترمیمی ایکٹ 2019 اور پراسیکیوشن ترمیمی ایکٹ، 2025 کی منظوری دی جائے گی۔
اجلاس میںملازمین کی سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن میں وائس کمشنر کی پوسٹ پر تقرری کی منظور لی جائے گی جبکہ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے عملے کے لئے یونیفارم کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل کیاگیاہے ، اس کے علاوہ خشک اور گرے ہوئے درختوں کی لکڑی کی تلفی سے متعلق پالیسی اور ورکنگ طریقہ کار پر بھی غور کیا جائے گا جبکہ خیبر پختونخوا فاریسٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کے قواعد 2006 میں ترمیم، اور ارندو گول چترال کے جنگلات میں غیر قانونی کٹائی کے طریقہ کار کی منظوری بھی کابینہ سے لی جائے گی۔
ایجنڈے کے مطابق کابینہ سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز جنوبی وزیرستان، ٹانک کے لیے سرکاری گاڑیوں کی خریداری میں نرمی کی منظوری لی جائے گی،سی پیک چائینہ سکالرشپ کے تحت کے پی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو 5 کروڑ 9 لاکھ روپے کی ادائیگی کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ بنایا گیاہے ۔
خیبر پختونخوا ہائر ایجوکیشن اسکالرشپ فنڈ کے لئے سیڈ منی کی منظوری ایجنڈے میں شامل کیا گیاہے ،ضلع کوہستان، غازی آباد کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی اپگریڈیشن کیلئے رقم کی منظوری بھی کابینہ سے لی جائے گی ،ایک مریضہ کی جگر کی پیوند کاری اور ایک مریضہ کے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لئے مالی معاونت کی منظوری کابینہ سے لی جائیگی۔
ہیلتھ کیئر کمیشن کے سرچ اینڈ نومینیشن کونسل میں غیر سرکاری اراکین کی تقرری کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے ،کابینہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے حکم پر پی پی ایچ آئی پروجیکٹ کے ملازمین کی مستقلی کے کیس پر غور کیا جائے گا ۔
لینڈ یوز اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے لئے ڈائریکٹر جنرل اور عملے کی اسامیوں کی تخلیق بھی ایجنڈے کا حصہ ہے اسکے علاوہ ایجنڈے میں منشیات سے نجات پانے والے مریضوں کو 50,000 روپے فی مریض امداد کی منظوری بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کیاگیاہے ، اسی طرح سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے بی او ڈیز کی تشکیل کی منظور بھی اجلاس میں لی جائے گی۔
خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں پشاورپریس کلب کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے اعلانات کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ بنایاگیاہے ،خیبر پختونخوا ڈیجیٹل پیمنٹ اور فن ٹیک کے لئے حکمت عملی کی منظوری بھی اجلاس میں لی جائے گی۔
