ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ جنگ بندی میں تاریخی کردار ادا کر رہی ہے، اور اب پاک بھارت تعلقات میں بہتری آرہی ہے، جبکہ دونوں ممالک کے مابین جنگ بندی قائم رہے گی۔ ممکن ہے امریکا ان ممالک کے لیڈروں کو ایک جگہ جمع کرلے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو قریب لانے کے خواہاں ہیں، پاک بھارت تعلقات میں بہتری آرہی ہے، اور امید ہے کہ دونوں ممالک کے مابین جنگ بندی بھی قائم رہے گی، ممکن ہے امریکا دونوں ممالک کے رہنماؤں کو عشائیہ پر اکٹھا کرلے۔
امریکی صدر نے دورہ سعودی عرب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ہی روز پہلے میری انتظامیہ تشدد کے بڑھتے واقعات رکوانے کیلئے تاریخی جنگ بندی میں کامیاب ہوئی، اور اس کے لیے تجارت کو بڑی حد تک استعمال کیا۔
صدرٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کی قیادت سے کہا کہ آئیں ڈیل کریں، کچھ تجارت کی جائے، نیوکلیئر میزائل نہ چلائیں، ان چیزوں کی تجارت کریں جو آپ بہت عمدہ بناتے ہیں۔ دونوں ممالک کے پاس بہت طاقتور، مضبوط اور ذہین لیڈر ہیں، جنگ رک گئی ہے، امید ہے آگے بھی ایسا ہی رہے گا۔ اگریہ جنگ نہ رکتی تو اس میں لاکھوں لوگ مر سکتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تنازع ختم کرنا بہت مشکل تھا، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بڑھتی جا رہی تھی، مارکو روبیو نے جنگ بندی میں بہترین کام کیا، پاکستان اور بھارت کی قیادتیں مضبوط اور ذہین ہیں۔
