انٹرمیڈیٹ پرچہ لیک کرنیوالے سپرنٹنڈنٹ

انٹرمیڈیٹ پرچہ لیک کرنیوالے سپرنٹنڈنٹ کی ڈیوٹی معطل کر دی گئی

ویب ڈیسک: انٹرمیڈیٹ پرچہ لیک کرنیوالے سپرنٹنڈنٹ کی ڈیوٹی معطل کر دی گئی، تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ کالج پشاور کے امتحانی مرکز میں تعینات سپرنٹنڈنٹ کو واٹس ایپ کے ذریعے مبینہ طور پر سوالنامہ لیک کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر لیا گیا، جس پر پشاوربورڈ کی انتظامیہ نے سپرنٹنڈنٹ کی امتحانی ڈیوٹی ختم کرتے ہوئے ان کیخلاف کارکردگی اور انضباطی رولز2011ء کے تحت کارروائی کی سفارش کردی ہے۔
بورڈ نے سپرنٹنڈنٹ پر امتحانی ڈیوٹی کیلئے تاحیات پابندی بھی عائد کردی ہے۔ پشاور تعلیمی بورڈ کی جانب سے امتحان کیلئے تیار کئے گئے سوالنامہ میں بارکوڈ کی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے موبائل یا دیگر الیکٹرانک ڈیوائس کے ذریعے پرچہ لیک ہونے کی کوشش کامیاب نہیں ہوتی اور جب بھی کوئی پرچہ لیک کرنے کی کوشش کرتا ہے توفوری طور پر بورڈ حکام کو اس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اطلاع موصول ہوجاتی ہے۔
گزشتہ روز گورنمنٹ کالج پشاور کے امتحانی مرکز سے سپرنٹنڈنٹ نے پرچہ شروع ہونے کے چند منٹ بعد پرچہ لیک کیا جس کو فوری طور پر دھر لیا گیا اور ان کا موبائل قبضہ میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  شہبازشریف خوشامد چھوڑ کر ایبسولوٹلی ناٹ کہنے کی ہمت پیدا کریں،بیرسٹر سیف