ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے میں امریکہ کا بھرپور ساتھ دیا، ان کا یہ بیان دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی عالمی فتح کی واضح دلیل ہے۔
امریکی صدر کا پاکستان کے حق میں بیان اس جانب بھی اشارہ ہے کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان کا موقف جنگ بندی اور آخری لمحے تک جنگ سے بچنا تھا، 13 مئی کو سعودی عرب کے شہر ریاض میں سعودی یو ایس انویسٹمنٹ فورم 2025 میں امریکی صدر کا پاکستان کے حق میں اہم بیان سامنے آ گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے میں امریکہ کا بھرپور ساتھ دیا، امریکی میڈیا نے کہا کہ ٹرمپ نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی افواج نے 20 جنوری سے لے کر اب تک عراق، شام اور صومالیہ میں 83 دہشتگردوں کا صفایا کیا، ابیے (Abbey) گیٹ حملے میں داعش کے دہشتگرد کی گرفتاری پاکستان کے تعاون سے ممکن ہوئی، پاکستان کا کردار اس سلسلے میں واضح ہے۔
