ویب ڈیسک: بھارتی بزدلانہ جارحیت کے نتیجے میں زخمی ہونیوالے 2 جوان شہید ہو گئے، پاک فوج کے جوان ہسپتال میں زیرِ علاج تھے، پاک افواج کے شہداء کی مجموعی تعداد 13 ہو گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی بزدلانہ جارحیت کے نتیجے میں زخمی ہونیوالے پاک فوج کے مزید 2 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فوج کی جانب سے آبادیوں پر حملہ میں ملک کا دفاع کرتے ہوئے زخمی ہونیوالے مزید 2 جوان شہید ہوگئے، پاک فوج کے جوان ہسپتال میں زیرِ علاج تھے، شہید جوانوں میں آرمی کے حوالدار محمد نوید اور فضائیہ کے سینئر ٹیکنیشن محمد ایاز شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افواج کے شہداء کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی، جبکہ 78 جوان دوران ڈیوٹی زخمی ہوئےہیں، ترجمان پاک فوج کے مطابق شہداء کی عظیم قربانی ان کی جرات، فرض شناسی اور بے مثال حب الوطنی کی لازوال مثال ہے، پاکستان کی مسلح افواج پوری قوم کے ساتھ مل کر ان عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، پاکستان کی مسلح افواج شہداء کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق زخمی ہونے والے تمام جوانوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں، شہداء کی قربانی قوم کی یادوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی اور آنے والی نسلوں کے لئے باعثِ فخر بنے گی۔
