جنید اکبر کو بطور چیئرمین

جنید اکبر کو بطور چیئرمین پی اے سی کام جاری رکھنے کی ہدایت

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کی جانب سے استعفیٰ نامنظور کرتے ہوئے جنید اکبر کو بطور چیئرمین پی اے سی کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو بطور چیئرمین پی اے سی کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے، جنید اکبر کے مطابق بانی چیئرمین عمران خان کو شائد یہ بتایا گیا کہ میں صحیح وقت نہیں دے سکتا لیکن جب عمران خان سے ملاقات ہوگی تو ان سے تمام باتیں کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب پارٹی کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر تنظیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوتیں تو جاری رکھوں گا، لہٰذا یہی بتایا گیا کہ یہ کام جاری رکھوں، جنید اکبر کا کہنا ہے کہ جب وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور علیمہ بی بی کے ذریعے پیغام پہنچایا گیا تو میں نے اپنا استعفیٰ بیرسٹر گوہر کو جمع کرایا تھا تاکہ ایسا پیغام نہ جائے کہ مجھے اس کرسی کی خواہش ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہ اس کرسی کی خواہش تھی نہ مجھے صوبائی صدارت کی خواہش تھی، یہ دونوں مجھے عمران خان نے دی ہیں اور میں عمران خان کی وجہ سے ہی رکن قومی اسمبلی بنا ہوں، اور یہ سب کچھ عمران خان کی امانت ہیں۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ 2014میں عمران خان نے حکم دیا تھا کہ استعفیٰ دو تب بھی دیدیا تھا، مجھے ایک صحافی نے ڈیڑھ ماہ قبل بتایا تھا کہ پارٹی کے اندر کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ آپ کے پاس یہ دونوں عہدے رہیں، اس لئے آپ ذہنی طور پر تیار رہیں، اس پر میں نے اسے بتا دیا تھا کہ میرے لئے یہ کوئی مسئلہ نہیں، میں یہاں پیسے بنانے کیلئے نہیں بیٹھا۔

مزید پڑھیں:  سوشل ویلفیئر بحالی مراکز کے 182 ملازمین فارغ ، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا