ویب ڈیسک: بھارتی فوجی ترجمان کرنل صوفیہ قریشی سے متعلق متنازع بیان پر بی جے پی نے معافی مانگ لی، جبکہ اس موقع پر کہا گیا کہ اعزاز یافتہ فوجی افسر کی توہین غداری ہے، بی جے پی وزیر نے کرنل صوفیہ قریشی سے متعلق متنازع بیان پر معافی مانگنے کیلئے ہاتھ جوڑ لئے۔
انڈین ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اور بی جے پی کے رکن وجے شاہ کا کہنا ہے کہ وہ انڈین کرنل صوفیہ قریشی سے متعلق اپنے بیان پر دس بار معافی مانگنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
یاد رہے کہ بی جے پی وزیر کی معافی مانگنے کی وجہ ان کا وہ بیان ہے جو انھوں نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران دیا تھا، اپنے خطاب میں ان کا نشانہ بظاہر کرنل صوفیہ قریشی تھیں۔
ذرائع کے مطابق حکومتی وزیر کی جانب سے یہ بیان سامنے آنے کے بعد انھیں اپوزیشن جماعتوں بشمول کانگریس اور سماجی حلقوں کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔
بی جے پی وزیر نے براہ راست کرنل صوفیہ قریشی کا نام تو نہیں لیا تاہم انڈین میڈیا اور خبررساں اداروں کے مطابق وجے شاہ کی تنقید کا نشانہ انڈین آرمی کی یہی مسلمان فوجی افسر تھیں۔
یہ وہی کرنل صوفیہ قریشی ہیں، جو 7 مئی کو انڈیا کی جانب سے پاکستان میں کیے گئے آپریشن سندور کی ابتدائی تفصیلات بتانے کے لیے کی گئی پریس کانفرنس کا حصہ تھیں۔
اس اہم پریس کانفرنس میں آپریشن کی تفصیلات بتانے کے لیے دیگر حکام بھی موجود تھے، تاہم ان میں سے صرف کرنل صوفیہ قریشی ہی مسلمان افسر تھیں۔
شدید تنقید کے مطابق اب بی جے پی وزیر وجے شاہ کا کہنا ہے کہ اگر غصے میں میرے منہ سے کچھ نکل گیا ہو اور کسی کو برا لگا ہو تو میں کہنا چاہوں گا کہ میں دس مرتبہ معافی مانگتا ہوں۔
