وزیراعلیٰ کی سربراہی میں کمیٹی بنانے

کوہستان کرپشن، تحقیقات کیلئے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: صوبائی کابینہ اجلاس میں کوہستان کرپشن کا خصوصی طور پر زکر کیا گیا، اس دوران حکومتی سطح پر تحقیقات کیلئے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، کوہستان کرپشن کیس میں نیب کی کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا بتیسواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے کابینہ اجلاس میں کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کا موثر جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف اس شاندار فتح پر مسلح افواج اور پوری قوم مبارکباد کے مستحق ہیں، جبکہ شہداء کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائِیں گی، ان شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہم نے اس جارحیت میں خیبر پختونخوا کے شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے، شہداء کے ورثا کو 50، 50 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 10، 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، متلعقہ ممبران اسمبلی مقامی انتظامیہ کے حکام کے ساتھ آن شہداء اور زخمیوں کے گھروں میں جا کر انہیں امدادی پیکج جلد ادا کریں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ کوہستان میں سامنے آنے والی مبینہ مالی بے ضابطگی کے خلاف نیب کی کارروائی کا خیر مقدم کرتے ہیں، خوش آئند بات ہے کہ نیب نے اس کیس میں کچھ ریکوریاں بھی کی ہے، صوبائی حکومت اس سلسلے میں نیب کو بھر پور سپورٹ فراہم کرے گی، اور نیب کو تحقیقات کے لئے جو بھی ڈاکومنٹس درکار ہونگے، صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔
انہوں نے اجلاس میں مزید کہا کہ اس کیس میں جو بھی لوگ اور ادارے ملوث ہیں ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہونی چاہیے، بانی چئیرمین کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، بدعنوانی کے اس کیس میں ملوث عناصر کے خلاف کسی اور ادارے سے زیادہ سخت کارروائی صوبائی حکومت خود کرے گی۔
وزیراعلی سردار علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ متلعقہ کابینہ اراکین پریس کانفرنس کے ذریعے اس کیس کے حقائق عوام کے سامنے رکھیں، اس کیس کی حکومتی سطح پر تحقیقات کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی سربراہی وزیر اعلی خود کریں گے، متعلقہ کابینہ اراکین اور ممبران صوبائی اسمبلی بھی اس میں شامل ہونگے۔

مزید پڑھیں:  صوابی میں ناروا لوڈ شیڈنگ کیخلاف جے یو آئی کا احتجاجی مظاہرہ