ویب ڈیسک: کوہستان میگا کرپشن کیخلاف پیپلز پارٹی نے نیب میں درخواست دائر کر دی، درخواست پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا نے دائر کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوہستان میگا کرپشن کیخلاف پیپلز پارٹی نے قومی احتساب بیورو (نیب) میں درخواست دائر کردی، پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے ترجمان گوہر انقلابی نے بتایا کہ پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری شازی خان نے میگا کرپشن کے خلاف نیب میں درخواست دائر کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں پر الزام تراشی اورکرپشن کے الزامات لگانے والے سرٹیفائیڈ چور نکلے، خود کو ریاست مدینہ کے دعویدار کہنے والوں نے 2020 سے 2024 تک صرف ایک محکمے میں 40 ارب روپے کی کرپشن کی ہے۔
گوہر انقلابی کا کہنا تھا کہ ایک ڈمپر ڈرائیور کے نام پر فرضی کنسٹرکشن کمپنی بنا کر ان کے اکاؤنٹ میں 40 ارب روپے کی ٹرانزیکشن کی گئی، بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والوں میں صرف ملازمین ہی شامل نہیں بلکہ اس میں صوبے کی اعلیٰ قیادت بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا مطالبہ کرتی ہے کہ ان کے نام بھی عوام کے سامنے لائے جائیں جو اس کرپشن سکینڈل کے پہنچھے موجود رہے ہیں۔
