ویب ڈیسک: آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر آج ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے، یوم تشکر پر شہداء پاکستان کو سلام پیش کیا گیا، اور اس معرکہ حق میں وطن عزیز پر جان نچھاور کرنے والے ارشد خان اور محمد زاہد کی شہادت کو ملک و قوم کیلئے فخر قرار دیدیا گیا۔
یوم تشکر پر شہداء پاکستان کو سلام پیش کرتے ہوئے وطن پر جان نچھاور کرنے والے دو بھائیوں سپاہی ارشد خان شہید اور حوالدار محمد زاہد شہید کے والدین کا حوصلہ اور انکی شہادت کو ملک و قوم کیلئے فخر قرار دیا۔
سپاہی ارشد خان شہید کا تعلق ضلع مالاکنڈ سے ہے، انہوں نے 2017 میں فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ) میں شمولیت اختیار کی، اور17 نومبر 2024 کو باغ میدان میں اپنے فرائض منصبی سر انجام دیتے ہوئے فتنہ الخوارج کے سامنے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوئے۔
شہید نے نہ صرف بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا بلکہ انکے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے خود وطن پر جان نچھاور کی، شہید کے والدین عزم و حوصلے کی عظیم مثال ہیں جنہوں نے تین مہینے سے بھی قلیل عرصے میں اپنے دو شہید بچوں کے جسد خاکی سبز ہلالی پرچم میں لپٹے گلے لگائے۔
شہید ارشد خان ضلع خیبر جبکہ شہید محمد زاہد نے ضلع مہمند میں جام شہادت نوش کیا، ان کے والدہ نے کہا کہ میرے دونوں بچے اس دھرتی اور وطن کی دفاع میں شہید ہوئے میں انکی شہادت پر فخر محسوس کرتی ہوں۔
والدہ شہید سپاہی ارشد خان اور شہید حوالدار محمد زاہد نے کہا کہ میرے بچوں کی شہادت کے صدقے اللہ ہماری منزل آسان کرے، میرے دونوں بچے نیک صالح اور خدمت کرنے والے تھے، دونوں بچوں کی شہادت قلیل عرصے میں ہوئی، اللہ تعالیٰ ہمیں صبر عطا فرمائے۔
شہید بھائیوں کے والد نے کہا کہ جوان بچوں کی شہادت پر فخر ہے، اللہ نے مجھے دو شہید بچے دئیے، سب کی خواہش ہوتی ہے کہ شہادت کی موت نصیب ہو، لیکن صرف خوش نصیبوں کو یہ سعادت نصیب ہوتی ہے، میرے بچوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
شہید سپاہی ارشد خان اور شہید حوالدار محمد زاہد کے بھائی نے کہا کہ دشمن یہ نہ سوچے کہ ہم حوصلہ ہار گئے ہیں۔ ہم کبھی بھی دشمن کو انکے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
