ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تشکر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے، دنیا نے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے، یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر اور پیشہ وارانہ مسلح افواج نے دشمن کو اسی کی زبان میں مؤثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا ہے، جو دشمن کو مدتوں یاد رہے گا۔
وزیراعظم کا یوم تشکر کے حوالے سے پیغام میں کہنا تھا کہ بھارت کی کھلی جارحیت اور اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانے کے لئے آج ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں معصوم اور بے گناہ پاکستانی شہری شہید ہوئے، اور ہمیں ان بے گناہ شہریوں کی خاطر جوابی کارروائی کرنے پر مجبور کردیا، پھر دنیا نے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے، جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں ، یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے، پاکستان کی بہادر اور پیشہ وارانہ مسلح افواج نے دشمن کو اسی کی زبان میں مؤثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا ہے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن کے فوجی اڈے ، اسلحہ کے انبار اور ایئر بیسز دیکھتے ہی دیکھتے سب کھنڈرات بن گئے، ان کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آئے اور اللہ کے فضل سے ناکام ہو گئے، ہماری یہ کارروائی اس بوسیدہ نظریہ کے خلاف تھی جو انسان دشمنی ، جارحیت ، مذہبی جنون اور تعصب پر قائم ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ خوددار، غیرت مند اور باوقار پاکستانی قوم کی کامیابی ہے، پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، میں پاک افواج کے ان تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے معرکہء حق کی تکمیل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
