جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائیگا

ہماری سرزمین کیخلاف کسی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائیگا، صدر مملکت

ویب ڈیسک: آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کو شکست دینے پر يوم تشکر ملک بھر میں منایا جا رہا ہے، اس دن کی مناسبت سے صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ معرکہ حق میں فتح پاک فوج اور عوام کی مشترکہ کامیابی ہے، اس جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، ہماری سرزمین کیخلاف کسی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم تشکر منا رہے ہیں، میں ربِ ذوالجلال کا شکر گزار ہوں کہ اُس نے ہمیں اس نازک گھڑی میں فتح سے نوازا، کامیابی پر پاکستان کی مسلح افواج کے دلیر سپاہیوں اور مسلح افواج کے سربراہان کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت نے کہا کہ معرکہ حق میں فتح پاک فوج اور عوام کی مشترکہ کامیابی ہے، پوری قوم دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیان مرصوص کی مانند کھڑے رہی، مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، کہ جنہوں نے بھارتی اشتعال انگیزی کا نہایت پیشہ ورانہ انداز، درستگی اور قوت کے ساتھ جواب دیا۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا نے پاکستان کے صبر و تحمل کا اعتراف کیا، ہماری آپریشنل مہارت کو تسلیم کیا، جس نے دشمن کو اپنی جارحیت سے باز آنے پر مجبور کیا، ہم ثابت قدم اور متحد رہے، اور وقار کے ساتھ فتح یاب ہوئے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے کہ پاکستان اپنی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت، قومی مفادات پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، ہماری سرزمین کیخلاف کسی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائیگا، ہم اپنے خطے میں امن کے خواہاں ہیں، لیکن ہمارے عزم کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ ہم سندھ طاس معاہدے کی کسی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہیں، کیونکہ معاہدے میں یکطرفہ معطلی کی کوئی شق موجود نہیں، پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے قومی طاقت کے تمام ذرائع بروئے کار لائے گا، ہم اپنے ان بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز کا دفاع کیا، دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے۔
یوم تشکر پر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ بطور صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آج یہ اعادہ کرتا ہوں کہ ہم ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، اپنی مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے چٹان کی مانند ڈٹے رہیں گے۔

مزید پڑھیں:  پیپلز پارٹی اس استحصالی نظام کیخلاف ہر فورم پر آواز بلند کریگی، ہمایون خان