ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے 7 ہسپتال نجی شعبہ کو دینے کیلئے 3 ارب روپے درکار، محکمہ خزانہ سے 3 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری کا انتظار کر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہیلتھ فاؤنڈیشن صوبے کے 7 ہسپتالوں کو پرائیویٹ اداروں کے حوالے کرنے کیلئے محکمہ خزانہ سے 3 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری کا انتظار کر رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہیلتھ فاؤنڈیشن جو 2016ء کے ایکٹ کے تحت قائم ایک سرکاری ادارہ ہے، ان ہسپتالوں کو نجی شعبہ کے حوالے کرتی ہے جو ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی غیرموجودگی کی وجہ سے بہتر خدمات فراہم نہیں کر پاتے، اس نظام کے تحت پرائیویٹ اداروں کوفنڈز دئیے جاتے ہیں جو اپنی طرف سے سٹاف بھرتی کر کے ہسپتال چلاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اب تک فاؤنڈیشن 19ہسپتالوں کو پرائیویٹ اداروں کے حوالے کر چکی ہے جن میں سے زیادہ تر قبائلی اضلاع میں واقع ہیں ان میں سے7 ہسپتالوں کے معاہدے جون 2023ء میں ختم ہو گئے تھے، جنہیں عارضی طور پرکابینہ کی منظوری سے بڑھادیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز نے نئے اداروں کے انتخاب کی منظوری دے دی ہے لیکن معاہدے پر دستخط کیلئے 3 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری کا انتظار ہے، کیونکہ یہ ہسپتال مالی مسائل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے خدمات محدودہو گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ قانون نے معاہدے کی منظوری دے دی ہے لیکن بجٹ نہ ہونے کی وجہ سے عملدرآمد رکاہوا ہے۔ اس سلسلے میں ہیلتھ فاؤنڈیشن نے محکمہ صحت کو خطوط لکھ کر عملداری کی درخواست کی ہے لیکن اب تک بجٹ جاری نہیں ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ بورڈ آف گورنرز کی تشکیل نو کے بعد امید بڑھی تھی کہ معاہدے جلد ہوں گے ، لیکن فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے کام رکا ہوا ہے۔ ہسپتالوں کے ملازمین تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج کر چکے ہیں کیونکہ پرانے معاہدے ختم ہو چکے ہیں اور نئے معاہدے کیلئے فنڈز کا انتظار ہے ۔ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ذرائع کا اس بارے میں کہنا ہے کہ اگر بجٹ جلد جاری نہ ہوا تو مریضوں کو علاج میں مزید مشکلات کا سامنا ہو گا۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے 7 ہسپتال نجی شعبہ کو دینے کیلئے 3 ارب روپے درکار، محکمہ خزانہ سے 3 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری کا انتظار کر رہی ہے۔
