یوم تشکر پر خیبرپختونخوا میں خصوصی

یوم تشکر پر خیبرپختونخوا میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ یوم تشکر پر خیبرپختونخوا میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ملک بھر میں آج کے دن یوم تشکر منایا جا رہا ہے ، جس کا مقصد آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی پر خوشی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں عوام اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، فجر کے بعد مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جبکہ صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
بیرسٹر ڈاکٹرسیف کا کہنا تھا کہ یوم تشکر پر خیبرپختونخوا میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اس دوران شہداء کے درجات کی بلندی اور قومی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئی، اور سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات پر فجر کے بعد پرچم کشائی کی گئی، جبکہ صبح 10 بجے تمام سرکاری اداروں میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
صوبائی مشیر نے کہا کہ خطبہ جمعہ میں قربانی، وحدت اور تشکر پر روشنی ڈالی جائے گی، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے، شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقاتیں اور ان کی قبروں پر پھول چڑھائے جا رہے ہیں، قومی ہیروز کے مزارات پر حاضری سمیت انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں پروقار اور سنجیدہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے، اس دن کی مناسبت سے چوکوں، عوامی مقامات اور دفاتر پر قومی پرچم اور بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں اسرائِیلی دہشتگردی زوروں پر، مزید 144فلسطینی شہید