ویب ڈیسک: ملک میں مہنگائی میں تیسرے ہفتے بھی اضافے کا رجحان جاری رہا، ایک ہفتے کے دوران18اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں ۔
حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار میں زیادہ تیزی آگئی ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کی رفتار 1اعشاریہ 03فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 1اعشاریہ 29فیصد کی سطح پر رہی ہے ۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران 18اشیا کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور 21 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
رپورٹ کے مطابق زندہ چکن کی قیمت میں 15.95 فیصد، انڈوں کی قیمت میں 8.34 فیصد، چینی کی قیمت میں1.97 فیصد، لانگ کلاتھ کی قیمت میں 1.74 فیصد، خشک پاوڈر دودھ کی قیمت میں 1.59 فیصد، گڑ کی قیمت میں1.48 فیصد، دال چنا کی قیمت میں 0.94 فیصد،لان پرنٹڈ کی قیمت میں 0.77 فیصد، مٹن کی قیمت میں 0.62 فیصد، بیف کی قیمت میں 0.49 فیصد اور انرجی سیور کی قیمت میں 0.31 فیصد اضافہ ہوا۔
ٹماٹرکی قیمت میں 5.20 فیصد، لہسن کی قیمت میں 3.45 فیصد، پیازکی قیمت میں 2.57 فیصد، آلو کی قیمت میں 1.93 فیصد، چائے کی پتی کی قیمت میں 1.14 فیصد،باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمتوں میں0.54 فیصد، ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں0.38 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 0.90 فیصد کمی واقع ہوئی۔
