ویب ڈیسک: 9مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس کے ملزمان پر فرد جرم کیلئے تاریخ مقرر کر دی گئی، اس حوالے سے ہونے والی سماعت ایک بار پھر ملتوی کر دی گئی جبکہ عدالت نے اس دوران ملزمان پر فرد جرم کیلئے تاریخ مقرر کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سانحہ 9 مئی کے 13 مقدمات اور جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، جس میں سرکاری پراسیکیوٹر، وکلائے صفائی ملک فیصل، ان کی ٹیم عدالت پہنچی۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار، سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، زرتاج گل اور علیمہ خان و دیگر کمرہ عدالت میں پہنچے جہاں شیخ رشید حاضری لگوا کر واپس روانہ ہوگئے۔
دوران سماعت جی ایچ کیو حملہ کیس کے گواہوں کے عدالت نہ آنے پر جیل ٹرائل ایک بار پھر ٹل گیا جبکہ 26 نومبر تحریک انصاف احتجاج سے متعلق 23 مقدمات میں ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کردی گئیں۔
بعد ازاں عدالت نے 26 نومبر تحریک انصاف احتجاج سے متعلق 32 کیسز کی سماعت 3 جون تک ملتوی کردی، آئندہ تاریخ پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
