کنٹریکٹ بھرتیوں کیلئے ماہانہ تنخواہ سلیب

خیبرپختونخوا: کنٹریکٹ بھرتیوں کیلئے ماہانہ تنخواہ سلیب کی نئی پالیسی منظور، اعلامیہ جاری

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے مارکیٹ بیس کنٹریکٹ بھرتیوں کیلئے ماہانہ تنخواہ سلیب کی نئی پالیسی منظور کر دی گئی، جس کے تحت خیبرپختونخوا میں تجربہ کار ماہرین کو 9 لاکھ روپے تک کی تنخواہ دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے مارکیٹ بیس کنٹریکٹ بھرتیوں کیلئے ماہانہ تنخواہ سلیب کی نئی پالیسی کی منظوری دیدی، جس کے تحت 15 سالہ تجربہ رکھنے والے شعبے کے ماہرین کو 9 لاکھ روپے ماہانہ تک تنخواہ دی جائے گی۔
صوبائی محکمہ خزانہ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کابینہ نے اس نئی پالیسی کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کا مقصد مارکیٹ کے مطابق ماہرین کی بھرتی کو آسان اور شفاف بنانا ہے۔ اس پالیسی کے مطابق 15 سالہ تجربہ رکھنے والے ماہر کو 9 لاکھ روپے، 10 سالہ تجربہ رکھنے والے افسر کو 4 لاکھ 48 ہزار روپے ماہانہ مشاہرہ ملا کرے گا۔
اس اعلامیہ کے مطابق 5 سالہ تجربہ کار افسر کو 3 لاکھ 5 ہزار روپے ، فریش بھرتی ہونے والے افسر کو 1 لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی، اس پالیسی کے تحت افسران کی تقرری ضرورت کے مطابق 3 سال کے لیے کی جائے گی، جس میں 2 سال کی توسیع کا امکان بھی موجود ہوگا۔
بھرتی کا عمل 3 رکنی کمیٹی انجام دے گی، جس میں متعلقہ محکمے، فنانس اور محکمہ انتظامیہ کے اعلیٰ افسر شامل ہوں گے۔ اس منظور ہونے والی نئی پالیسی میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کنٹریکٹ بھرتی افراد کو کسی قسم کی پنشن یا ریٹائرمنٹ بینیفٹس نہیں دیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  ایران کیخلاف اسرائیلی جارحیت نہایت خطرناک ہے،سینیٹر ایمل ولی